لاہور – پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے نئی بڈ اوپن، شفاف اور واضح طریقہ کار کے تحت ہوگی۔ لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل روڈ شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ اور لیگ کی انتظامیہ باہمی تعاون کے ساتھ کرکٹ کی بہتری کے لیے سرگرم ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا ہمارا ہدف ہے اور پاکستان کے نوجوان کرکٹرز میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے اس پلیٹ فارم کے ذریعے نکھرنے کا موقع مل رہا ہے۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات اور مواقع ان کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ ہر طرح کے چیلنجز کے باوجود کرکٹ کی ترقی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا "میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔”
اسی موقع پر انہوں نے اسلام آباد میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ تمام اسٹیڈیمز میں شائقین کے لیے میوزیکل کنسرٹس کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی امریکہ کے شہر نیویارک میں بھی روڈ شو منعقد کرنے جا رہا ہے اور جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم بھی متعارف کروایا جائے گا۔
یہ اقدامات پاکستان کرکٹ کے اس وژن کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد لیگ کو عالمی سطح پر زیادہ نمایاں، تجارتی طور پر مضبوط اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع فراہم کرنا ہے۔
