بوگوٹا — کولمبیا کے صوبے انتیوکیا میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 17 طالب علم جان کی بازی ہار گئے، جب ایک اسکول بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں بس ڈرائیور سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق صوبہ انتیوکیا کے گورنر آندریس جولین نے بتایا کہ حادثے کا شکار بس ایک تعلیمی دورے کے بعد کیریبین کے ساحلی قصبے ٹولو سے میڈیین کی جانب روانہ تھی۔ بس میں سوار طلبہ اتوار کی رات ساحل پر اپنی گریجویشن کی تقریب منانے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق 45 مسافروں کو لے جانے والی بس نامعلوم وجوہات کے باعث تقریباً 80 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ 20 سے زائد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے رات گئے تک امدادی کارروائیاں جاری رکھیں، جب کہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔
گورنر آندریس جولین نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق طلبہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ حادثہ ملک بھر میں غم و اندوہ کی فضا پیدا کر گیا ہے۔
