لاہور — انڈر 19 ایشیا کپ کے سنسنی خیز مقابلے متحدہ عرب امارات میں جاری ہیں، جہاں پاکستان انڈر 19 ٹیم منگل کے روز یو اے ای کے خلاف اہم میچ میں میدان سنبھالے گی۔ بھارت کے خلاف گزشتہ میچ میں شکست کے بعد قومی جونیئر ٹیم اس مقابلے میں فتح کے ذریعے ایونٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
دوسری جانب، گروپ مرحلے کے میچز کے بعد بنگلہ دیش اور سری لنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ افغانستان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز گروپ بی کے آٹھویں میچ میں نیپال کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف 31.1 اوورز میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں نیپالی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنر ساحل پٹیل نے 18 اور نراج کمار یادو نے 14 رنز بنائے، جبکہ مڈل آرڈر میں ابھیشیک تیواری نے 30 اور وکٹ کیپر آشش لوہار نے 23 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھائی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے محمد صبوج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعد اسلام، عزیز الحکیم اور شہریار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے پراعتماد آغاز کیا۔ زواد ابرار نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 گیندوں پر ناقابل شکست 70 رنز بنائے، جبکہ کلام صدیقی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش نے 24.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
دوسرے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 235 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے عثمان سادات 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ عزیزاللہ نے 31، نورستان عمرزئی 29، کپتان محبوب خان اور عزیراللہ نے 25، 25 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کی جانب سے سیتمیکا اور ڈلنتھ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف چار گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ ویرن چمودیتا نے 62 رنز کی اہم اننگز کھیلی، چمیکا 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کویجہ گاما جی نے 34 رنز کا اضافہ کیا۔ افغانستان کی جانب سے نورستان عمرزئی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ان کی کوشش ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
ایونٹ کی تازہ صورتحال کے مطابق بنگلہ دیش اور سری لنکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، جبکہ افغانستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکا ہے۔ اب شائقین کی نظریں پاکستان اور یو اے ای کے آج ہونے والے مقابلے پر مرکوز ہیں، جہاں گرین شرٹس فتح کے لیے پُرعزم دکھائی دیتی ہے۔
