کولمبو — سری لنکا کو 1996 کا کرکٹ ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان اور سابق وزیرِ پیٹرولیم ارجنا راناٹنگا کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سری لنکن میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنا راناٹنگا پر تیل کی خریداری میں بڑے پیمانے پر خردبرد اور کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ارجنا راناٹنگا اس وقت ملک سے باہر موجود ہیں، تاہم کولمبو کی مجسٹریٹ عدالت نے ان کی وطن واپسی پر فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ تیل کی خریداری سے متعلق کرپشن اسکینڈل میں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کے خلاف شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس اسکینڈل میں ارجنا راناٹنگا کے بڑے بھائی کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس میں اربوں روپے کے مالی بے ضابطگیوں کا شبہ ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ارجنا راناٹنگا قانونی مشکلات کا شکار ہوئے ہوں۔ یاد رہے کہ 2018 میں سری لنکا کے سیاسی بحران کے دوران کولمبو میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے، جس پر پولیس نے ارجنا راناٹنگا کو قتل اور فائرنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔ اس وقت پولیس نے واقعے میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ ارجنا راناٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے 1996 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے سیاست میں قدم رکھا اور 2001 کے بعد مختلف ادوار میں اہم حکومتی عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ارجنا راناٹنگا کی ممکنہ گرفتاری سری لنکا کی سیاست اور کھیلوں کی تاریخ کی ایک بڑی اور متنازع پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس کے ملکی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
