ایشیز سیریز: باکسنگ ڈے ٹیسٹ انگلینڈ نے دو دن میں 4 وکٹوں سے جیت لیا، آسٹریلیا کی دوسری اننگز 132 رنز پر ڈھیر
میلبرن — ایشیز سیریز کے چوتھے اور روایتی باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو دو دن میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 175 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں جیکب بیتھل نے 40، زیک کرالی نے 37 اور بین ڈیکٹ نے 34 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے لینس مورس رچرڈسن، اسکاٹ بولینڈ اور مچل اسٹارک نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم بولرز کی یہ کوششیں ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی ٹیم صرف 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جب کہ پہلی اننگز میں میزبان ٹیم نے 152 رنز اسکور کیے تھے۔ اس سے قبل انگلینڈ بھی پہلی اننگز میں کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا اور 110 رنز پر ڈھیر ہو گیا تھا۔
یہ فتح انگلینڈ کے لیے تاریخی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ ٹیم نے 15 سال اور 19 ٹیسٹ میچز کے بعد آسٹریلوی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ ایم سی جی میں شائقینِ کرکٹ کی ریکارڈ تعداد نے بھی اس میچ کو یادگار بنا دیا۔
واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کو اب بھی 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔