پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز: 12 میں سے 10 بولیاں تکنیکی طور پر اہل قرار، نیلامی 8 جنوری کو ہوگی
لاہور — پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی توسیع کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں دو نئی فرنچائزز کے حصول کے لیے موصول ہونے والی بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دنیا بھر سے 12 بولیاں موصول ہوئیں، جن میں سے تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد 10 بولیوں کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے کے باعث اہل قرار دے دیا گیا ہے۔ اہل قرار پانے والی پارٹیاں اب کھلی نیلامی کے مرحلے میں حصہ لینے کی مجاز ہوں گی۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ دو نئی پی ایس ایل ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔ کامیاب بولی دہندگان کو فرنچائز کے لیے راولپنڈی، حیدر آباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے کسی ایک شہر کے نام کے انتخاب کا اختیار حاصل ہوگا۔
سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند قرار
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے اس موقع پر کہا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی پی ایس ایل کے بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کی عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "پی ایس ایل کی توسیع لیگ کے ارتقا میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جبکہ نیلامی سے متعلق مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔”