ہرارے — انڈر 19 سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف دیا، تاہم بارش کے باعث مقابلہ بغیر نتیجہ ختم کر دیا گیا۔
ہرارے اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 354 رنز بنائے۔
قومی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 142 رنز اسکور کیے، جبکہ عثمان خان نے 121 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ حذیفہ احسن نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز بنائے۔
زمبابوے کی طرف سے کربی مدھارامیتے نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پناشی مزئی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بینی زوزی اور دھروو پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بارش کے باعث زمبابوے کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز نہ کر سکی، جس کے بعد امپائرز نے میچ کو بغیر نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ قوانین کے مطابق دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
