چین کی اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اقدام کی مخالفت، صومالیہ کی خود مختاری کی حمایت کا اعادہ

پاک افغان کشیدگی: چین کا تحمل، مذاکرات اور ثالثی پر زور

بیجنگ — چین نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو بطور ملک تسلیم کرنے کے اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صومالیہ کی خود مختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین اسرائیل کے اس فیصلے پر گہری تشویش رکھتا ہے اور کسی بھی ایسی کارروائی کی مخالفت کرتا ہے جو صومالیہ کی وحدت کو نقصان پہنچائے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ صومالی لینڈ کا مسئلہ صومالیہ کا اندرونی معاملہ ہے اور چین صومالیہ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کو دوسرے ممالک میں علیحدگی پسند عناصر کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل نے صومالی لینڈ کو باضابطہ طور پر ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد اسرائیل صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے صومالی لینڈ کو ایک آزاد ریاست کے طور پر سرکاری حیثیت دے دی ہے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نیتن یاہو، اسرائیلی وزیرِ خارجہ اور صومالی لینڈ کے صدر کے درمیان مشترکہ اعلامیے پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

اس فیصلے پر خطے اور مسلم دنیا میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، جب کہ صومالی پارلیمنٹ، پاکستان اور دیگر ممالک کی جانب سے بھی اسرائیلی اقدام کی مذمت کی جا چکی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے