عمان نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

0

مسقط: عمان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر جتندر سنگھ کریں گے۔ یہ میگا ایونٹ میں عمان کی چوتھی شرکت ہوگی، اس سے قبل عمانی ٹیم 2016، 2021 اور 2024 کے ورلڈ کپ میں شرکت کر چکی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق عمان کو گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے، جہاں اسے عالمی چیمپئن آسٹریلیا، سابق فاتح سری لنکا اور زمبابوے جیسے مضبوط حریفوں کا سامنا ہوگا۔ عمان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 9 فروری کو زمبابوے کے خلاف کرے گا۔

اسکواڈ میں سب سے نمایاں عدم شمولیت کلیم ثنا کی ہے، جنہوں نے ایشیا کپ 2025 میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ان کی غیر موجودگی کو شائقین کے لیے حیران کن قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ٹیم میں توازن برقرار رکھنے کے لیے تجربہ کار آل راؤنڈرز وسیم علی، کرن سوناوالے اور جے اودھیڑا کو شامل کیا گیا ہے۔

بولنگ ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط بنانے کے لیے فاسٹ بولرز شفیق جان اور جیتن رامانندی کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے تاکہ ٹیم میں توانائی اور جارحیت برقرار رہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔ ٹورنامنٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہے گا، جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، اور ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ اسی روز دفاعی چیمپئن اور میزبان بھارت ممبئی میں امریکا کے خلاف میدان میں اترے گا۔

عمان کا 15 رکنی اسکواڈ:

جتندر سنگھ (کپتان)، وِنایک شکلا، محمد ندیم، شکیل احمد، حماد مرزا، وسیم علی، کرن سوناوالے، شاہ فیصل، ندیم خان، سفیان محمود، جے اودھیڑا، شفیق جان، آشش اودھیڑا، جیتن رامانندی، حسنین علی شاہ۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.