سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیمین مارٹن تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل، کوما میں چلے گئے
سڈنی: سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیمین مارٹن کو تشویشناک حالت کے باعث برسبین کے ایک اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت کوما میں ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں گردن توڑ بخار (میننجائٹس) لاحق ہے۔
رپورٹس کے مطابق 54 سالہ ڈیمین مارٹن کرسمس ڈے کے موقع پر اچانک شدید بیمار ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ زمین پر گر پڑے۔ حالت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو نازک قرار دیا ہے۔
ڈیمین مارٹن 2003 کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں اور ان کی اچانک بیماری کی خبر پر کرکٹ آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کے کرکٹرز نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ نے بتایا کہ برسبین کے اسپتال میں ڈیمین مارٹن کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور طبی عملہ ان کی صحت کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے ڈیمین مارٹن کی بیماری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیمین مارٹن نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے 67 ٹیسٹ، 208 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور ٹیم کی متعدد تاریخی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔