پاکستان میں پیشہ ورانہ فٹ بال لیگ کے قیام کی جانب اہم پیش رفت، پی ایف ایف کی غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ملاقات
اسلام آباد – پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے ملک میں پیشہ ورانہ فٹ بال لیگ کے قیام کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے متعدد غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا ہے۔
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اس پیش رفت پر امید کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈریشن کو ممکنہ سرمایہ کاروں کی جانب سے ابتدائی تجاویز موصول ہو چکی ہیں، جن کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جلد ہی موزوں کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کر کے اگلے عملی مراحل کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔
صدر پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ ابتدائی تجاویز پاکستان میں پیشہ ورانہ فٹ بال لیگ کے فروغ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سنجیدہ دلچسپی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر تجویز کو فیڈریشن کی طویل مدتی حکمت عملی اور وژن کے مطابق جانچا جا رہا ہے تاکہ ایک مضبوط اور پائیدار ماڈل تشکیل دیا جا سکے۔
محسن گیلانی کے مطابق شارٹ لسٹ کی گئی کمپنیوں کے ساتھ مستقبل میں ورکنگ سیشنز اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی، جن میں لیگ کے آپریشنل ماڈلز، اسٹریٹجک پلاننگ اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ یہ روابط پاکستان میں فٹ بال کے معیار کو بہتر بنانے اور پیشہ ورانہ ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی سمت ایک عملی اور مستقبل بین حکمت عملی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شمولیت سے ایک ایسا پائیدار نظام تشکیل دیا جائے گا جو کھلاڑیوں، کلبز، کارپوریٹ سیکٹر اور شائقینِ فٹ بال کے لیے یکساں مواقع فراہم کرے گا۔
پی ایف ایف صدر نے اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی پیشہ ورانہ فٹ بال لیگ کے قیام کے لیے تمام مراحل میں شفافیت، جوابدہی اور طویل مدتی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔