بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم خالدہ ضیا آج ڈھاکا میں سپردِ خاک، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق پاکستان کی نمائندگی کریں گے

0

ڈھاکا –  بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کو آج دارالحکومت ڈھاکا میں قومی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ان کی نماز جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی جائے گی، جس میں پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے۔

خالدہ ضیا کے انتقال پر بنگلادیش میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کی تدفین سابق صدر اور ان کے شوہر ضیا الرحمان کے پہلو میں کی جائے گی، جہاں انہیں سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری آرام گاہ میں اتارا جائے گا۔

خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور طویل عرصے سے ڈھاکا کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ وہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں، جس پر پورے ملک میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

وہ نہ صرف بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں بلکہ مسلم دنیا میں سابق پاکستانی وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی رکھتی تھیں۔ خالدہ ضیا نے 1991 سے 1996 اور بعد ازاں 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔

ان کی نماز جنازہ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بھوٹان اور مالدیپ کے اعلیٰ حکام اور سفارتی نمائندے بھی شرکت کریں گے، جبکہ بنگلادیش کی سیاسی قیادت، سول و عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

خالدہ ضیا کی وفات کو بنگلادیش کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم عہد کے اختتام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں وہ طویل عرصے تک ملکی سیاست کا مرکزی کردار رہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.