دنیا بھر میں نئے سال کی تقریبات کا آغاز آج سے، عالمی شہروں میں رنگا رنگ تقاریب کی تیاریاں مکمل
نیا بھر میں نئے سال کی آمد کے موقع پر آج سے باضابطہ تقریبات کا آغاز ہو جائے گا، جہاں عوام سڑکوں، گلیوں، تفریحی مقامات اور مشہور عالمی لینڈ مارکس پر جمع ہو کر سالِ نو کا بھرپور استقبال کریں گے۔ مختلف ممالک میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے، موسیقی، ثقافتی شوز اور خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
نئے سال کا سب سے پہلا جشن نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں منایا جائے گا، جہاں اسکائی ٹاور پر روشنیاں جگمگائیں گی اور آتش بازی کے دلکش مناظر پیش کیے جائیں گے۔ اس کے بعد آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سڈنی ہاربر کے مقام پر عالمی شہرت یافتہ آتش بازی کی تقریب منعقد ہوگی۔
یورپ میں لندن میں نئے سال کی تقریبات کے لیے بگ بین کے اطراف آتش بازی کا سامان پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ لندن آئی کے قریب شاندار فائر ورکس کا اہتمام کیا جائے گا۔ امریکا کے شہر نیویارک میں ٹائمز اسکوائر پر روایتی تقریب کے دوران روشنیوں سے منور شیشے کی دیوقامت گیند کو اونچائی سے گرایا جائے گا، جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد کی آمد متوقع ہے۔
اسی طرح دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر روشنیوں اور رنگوں کی برسات کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا جائے گا۔ قطر، ہانگ کانگ اور تائیوان سمیت دیگر ممالک میں بھی سال نو کی آمد پر خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔
سال نو کی آخری بڑی تقریب امریکی شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں ہوگی، جہاں دنیا بھر کی نظریں اس تاریخی لمحے پر مرکوز ہوں گی اور سال 2026 کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔