پاکستان کرکٹ بورڈ کی ملتان سلطانز کی مینجمنٹ کے لیے سابق کرکٹرز پر غور، اہم نام زیرِ بحث
لاہور – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی مینجمنٹ کے لیے مختلف سابق کرکٹرز کے ناموں پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی حتمی منظوری کے بعد نئی مینجمنٹ کو فائنل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ امیدواروں میں سابق قومی آل راؤنڈر عبدالرزاق، سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد اور سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر کے نام شامل ہیں۔ انتظامی امور کے لیے سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا نام بھی زیرِ غور آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشتاق احمد اس سے قبل بھی ملتان سلطانز کے ساتھ بطور اسپن کنسلٹنٹ خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث ان کی ٹیم کے ماحول اور ڈھانچے سے واقفیت کو ایک مثبت پہلو قرار دیا جا رہا ہے۔
پی سی بی حکام کے مطابق پی ایس ایل سیزن 11 میں ملتان سلطانز کے تمام انتظامی اور آپریشنل معاملات براہِ راست پاکستان کرکٹ بورڈ دیکھے گا، جبکہ ٹورنامنٹ کے اختتام کے بعد فرنچائز کے نئے مالک کو فائنل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے پی ایس ایل کی رینیول لیٹر موصول نہ ہونے کے بعد فرنچائز سے علیحدگی اختیار کر لی تھی، جس کے بعد ٹیم کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہو گئی۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق پی سی بی کی جانب سے تجربہ کار سابق کھلاڑیوں کو مینجمنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ ملتان سلطانز کے مستقبل کو مستحکم بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔