ریاض – فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے ٹرافی ٹوور کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، جس کا پہلا پڑاؤ سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض ہے۔ ٹرافی کو عالمی شہرت یافتہ اطالوی فٹبال اسٹار الیسانڈرو ڈیل پیرو ریاض لے کر پہنچے، جہاں شائقینِ فٹبال نے تاریخی ٹرافی کا پرتپاک استقبال کیا۔
فیفا کے مطابق یہ ٹرافی ٹوور 150 دنوں پر محیط ہوگا، جس کے دوران ورلڈ کپ ٹرافی دنیا بھر کی 30 فیفا رکن ایسوسی ایشنز کا دورہ کرے گی۔ ٹرافی ٹوور کا آغاز سعودی عرب سے کیا جانا اس بات کی علامت ہے کہ مملکت مستقبل میں عالمی فٹبال کے اہم مرکز کے طور پر ابھر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کو 2034 فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی سونپی جا چکی ہے، جس کے باعث ٹرافی ٹوور کا آغاز یہاں سے ہونا غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
فیفا کے شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی اپنے عالمی سفر کے دوران اسپین، مراکش اور پرتگال سمیت دیگر ممالک کا بھی دورہ کرے گی، جہاں فٹبال شائقین کو ٹرافی کے قریب سے دیدار کا موقع ملے گا۔
یاد رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ 2026 رواں سال جون میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جو تاریخ کا پہلا مشترکہ طور پر تین ممالک میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ ہوگا۔
