کاراکاس – امریکی حملوں کے بعد وینزویلا کے وزیرِ دفاع ولادیمیر پیڈرینو لوپیز نے واشنگٹن کو واضح اور سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا نہ ہار مانے گا اور نہ ہی دباؤ کے تحت مذاکرات کرے گا، بلکہ ہر صورت فتح حاصل کرے گا۔
اپنے ایک سرکاری بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ وینزویلا ایک متحد قوم کے طور پر ایک ہی مقصد کے تحت کھڑا ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے سامنے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ "ہم نہ تو مذاکرات کریں گے، نہ ہتھیار ڈالیں گے اور نہ ہی شکست قبول کریں گے، فتح ہمارا مقدر ہے۔”
ولادیمیر پیڈرینو لوپیز نے مزید کہا کہ وینزویلا کی جدوجہد کی بنیاد امن پر ہے، تاہم آزادی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ "ہم نے ہمیشہ انسانیت کے لیے اپنے بازو کھولے ہیں اور آئندہ بھی اپنی سرزمین، عوام اور قومی وحدت کے دفاع کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔”
وزیر دفاع کے اس بیان کو امریکی کارروائیوں کے بعد وینزویلا کی جانب سے سب سے سخت اور واضح سرکاری ردعمل قرار دیا جا رہا ہے، جو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
