کاراکاس – وینزویلا کی قائمقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکی فوجی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا اپنے دفاع اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی صورت کسی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈیلسی روڈریگز نے کہا کہ صدر نکولس مادورو کو اغوا کیا گیا ہے اور وہی وینزویلا کے آئینی اور قانونی صدر ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نازک صورتحال میں صبر، اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
نائب صدر کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کی کارروائی کے بعد وینزویلا نے قومی دفاعی اقدامات کو فعال کر دیا ہے اور ملک اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
ڈیلسی روڈریگز نے واضح کیا کہ وینزویلا اپنے قدرتی وسائل پر کسی بھی بیرونی قبضے کو ہرگز قبول نہیں کرے گا اور کسی دباؤ یا جارحیت کے سامنے نہیں جھکے گا۔
انہوں نے کہا کہ وینزویلا ایک خودمختار ریاست ہے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔
