واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے گزشتہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینے والی پانچ ریاستوں کے لیے وفاقی فنڈز میں 10 ارب ڈالر کی کٹوتی کا اعلان کر دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ڈیموکریٹک ریاستوں مینی سوٹا، کیلیفورنیا، نیویارک، الینوائے اور کولوراڈو میں بڑے پیمانے پر کرپشن پائی جاتی ہے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں ان ریاستوں میں بچوں کی دیکھ بھال کی سبسڈی، سماجی خدمات، اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے نقد امداد جیسے اہم فلاحی منصوبے شدید متاثر ہوں گے، جن سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ٹرمپ انتظامیہ شمالی ریاست مینی سوٹا کو 185 ملین ڈالر کی وفاقی فنڈنگ روک چکی ہے، جس پر ڈیموکریٹک حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اقدام امریکا میں وفاق اور ریاستوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب سماجی فلاحی پروگرام پہلے ہی دباؤ کا شکار ہیں۔
