چین نے روسی آئل ٹینکر پر امریکی قبضے کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ آئل ٹینکر کو تحویل میں لینا بین الاقوامی قانون اور عالمی تجارتی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیجنگ ہمیشہ غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا آیا ہے اور ایسے اقدامات عالمی نظام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کو اپنی توانائی اور اقتصادی سرگرمیاں آزادانہ طور پر جاری رکھنے کا حق حاصل ہے، تاہم امریکا کے یکطرفہ اقدامات دنیا بھر میں ریاستوں کی خودمختاری کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے اور یکطرفہ فیصلوں کے بجائے کثیرالجہتی اصولوں کو فروغ دے تاکہ عالمی استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
