جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دیدی۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں اہم عدالتی معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کی مستقلی کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا جب کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز کی مستقلی پر بھی اجلاس میں تبادلہ خیال ہوا.

اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت میں ججز کی تعیناتی کے لیے رولز بنانے کے معاملے کو بھی زیر غور لایا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججز جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس کی مستقل تقرری کی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس نجم الدین مینگل کی بطور مستقل جج کی توثیق کی گئی، جسٹس ایوب خان کی مستقلی  اکثریتی رائے سے مسترد کی گئی، آئینی بینچز کیلئے ججز نامزدگی کے معیار پر غور کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی ججز تقرری انٹرویو،طریقہ کار اور رولز میں ترامیم پر سفارشات تیار کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دو ارکان جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی کے دو ممبران کی عدم شرکت کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کو آگاہ کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے