بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلامیہ جاری کرے گی، تاہم تاحال عالمی کرکٹ باڈی کی جانب سے اس خبر کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
اس پیش رفت سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر آئی سی سی کو ایک اور باضابطہ خط ارسال کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ خط ورلڈ کپ 2026 میں شرکت اور بھارت نہ جانے کے فیصلے کے تناظر میں لکھا گیا۔
بی سی بی نے اپنے خط میں مطالبہ کیا تھا کہ بنگلادیش ٹیم کے میچز کو انڈیپینڈنٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے سپرد کیا جائے اور ٹیم کے میچز کسی متبادل مقام، خصوصاً سری لنکا، منتقل کیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی بی نے آئی سی سی کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ وہ بھارت نہ جانے کے اپنے فیصلے پر قائم ہے اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کو وہاں کھیلنے بھیجنا ممکن نہیں۔
اس سے قبل بنگلادیش کے مشیرِ کھیل ڈاکٹر آصف نذرل نے اعلان کیا تھا کہ بنگلادیش ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ
“ہمارے تحفظات حقیقی ہیں، مگر آئی سی سی نے ہمارے مؤقف کو تسلیم نہیں کیا۔”
بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے بھی ممکنہ طور پر بنگلادیش کی جگہ دوسری ٹیم کی شمولیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ
“ہم سب ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، مگر بھارت جانا محفوظ نہیں سمجھتے۔ ہمارا مؤقف ہے کہ ہمیں سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دی جائے۔”
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، جبکہ بنگلادیش کی جانب سے مسلسل سیکیورٹی خدشات کے باعث بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
