پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ آج ہوگا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ آج ہوگا

لاہور — پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز جیتنے کا سنہری موقع حاصل ہو گیا ہے، جب دونوں ٹیمیں آج ہفتے کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔

قذافی اسٹیڈیم ایک بار پھر شائقین سے کھچا کھچ بھرنے کی توقع ہے، جہاں قومی ٹیم سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ پہلے ٹی 20 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔

قومی ٹیم کی بیٹنگ میں صائم ایوب ایک بار پھر شائقین کی امیدوں کا مرکز ہوں گے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا ون ڈاؤن پوزیشن پر تیز اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں ابرار احمد، شاداب خان اور محمد نواز پر ایک بار پھر انحصار کیا جائے گا، جو اسپن بولنگ کے ذریعے مہمان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو اسپن جال میں پھنسانے کی حکمت عملی ترتیب دے لی ہے، جبکہ پلیئنگ الیون میں بعض تبدیلیوں پر بھی غور جاری ہے۔

دوسری جانب کینگروز ٹیم سیریز برابر کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی اور سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

میچ کے پیشِ نظر لاہور میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ بلا خوف و خطر میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔

واضح رہے کہ سیریز میں فتح کی صورت میں پاکستان نہ صرف سیریز اپنے نام کر لے گا بلکہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کا اعتماد بھی نمایاں طور پر بڑھے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے