لاہور – آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم لاہور سے سری لنکا روانہ ہو گئی ہے۔ قومی ٹیم سری لنکا پہنچنے کے بعد آج اور کل مکمل آرام کرے گی، جبکہ 4 فروری کو آئرلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔
پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ کپتان سلمان علی آغا کی قیادت میں ایونٹ میں شرکت کرے گا۔ اسکواڈ میں ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔
قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدر لینڈز کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 10 فروری کو امریکا کے مدمقابل آئے گی۔ پاکستان گروپ مرحلے کا آخری میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے، تاہم بنگلادیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس فیصلے پر بھارتی سیاسی و کرکٹ حلقوں میں بھی شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔
