لاہور – پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ملتان فرنچائز کی نیلامی کے لیے ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کروانے کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد آکشن کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ملتان فرنچائز کی نیلامی میں دلچسپی رکھنے والی 6 خواہش مند پارٹیز نے اپنے ٹیکنیکل پروپوزلز پی سی بی کو جمع کروا دیے ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری تک بڑھائی تھی، جبکہ اس سے قبل ڈیڈ لائن 30 جنوری مقرر تھی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ “ملتان سلطانز کی ملکیت حاصل کرنے کا یہ ایک سنہری موقع ہے، خواہش مند سرمایہ کار اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔”
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدا میں پی سی بی نے پی ایس ایل 11 کے لیے ملتان سلطانز کے معاملات خود چلانے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم حال ہی میں دو نئی ٹیموں کی آکشن توقعات سے بڑھ کر رہنے اور بہتر قیمت ملنے کے بعد ملتان فرنچائز کو بھی نیلامی کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل پروپوزلز کے جائزے کے بعد اہل پارٹیز کو فنانشل بولی کے مرحلے میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد ملتان فرنچائز کی ملکیت کا حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔
