لاہور – وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر سوات سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ تائیکوانڈو اسٹار عائشہ ایاز کو شاندار کھیلوں کی خدمات کے اعتراف میں 3 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے عائشہ ایاز کو انعامی چیک پیش کیا، جبکہ انہوں نے ذاتی حیثیت میں بھی ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا۔
عائشہ ایاز سوات کی رہائشی ہیں اور انہیں پاکستان کی کم عمر ترین بین الاقوامی تائیکوانڈو ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے محض 14 برس کی عمر میں 11 بین الاقوامی میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ عالمی مقابلوں میں 150 سے زائد میڈلز حاصل کرنے والی واحد پاکستانی کھلاڑی بھی ہیں۔
اس موقع پر عائشہ ایاز نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی ان کے حوصلے کو مزید بلند کرے گی۔
صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے عائشہ ایاز کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ ایاز مستقبل میں اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر کے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ صرف سوات کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بیٹی ہیں اور ان جیسی باصلاحیت بچیاں قوم کا فخر ہیں۔
فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نوجوان ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور عائشہ ایاز جیسے ٹیلنٹ کی سرپرستی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
تقریب میں وائس چیئرمین ملک سلیمان اور سیکرٹری اسپورٹس محمد علی بھی موجود تھے۔
