لندن – انگلش کلب آرسنل نے ویمنز فٹبال کی تاریخ میں نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فیفا ویمنز چیمپئنز کپ جیت لیا۔ لندن کے ایمریٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں آرسنل نے برازیل کے کلب کورنتھیانس کو اضافی وقت کے بعد 2-3 سے شکست دے کر نہ صرف اپنا پہلا عالمی ٹائٹل حاصل کیا بلکہ خواتین کلب فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی جیت لی۔
شنہوا کے مطابق یورپی چیمپئن آرسنل کو اس تاریخی کامیابی پر 23 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی گئی، جو گزشتہ سیزن کی ویمنز چیمپئنز لیگ جیتنے پر ملنے والی رقم سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے۔ فائنل مقابلہ 25 ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کھیلا گیا، جس میں شاندار کھیل اور سنسنی خیز لمحات دیکھنے کو ملے۔
میچ کا آغاز آرسنل کے حق میں ہوا جب اولیویا سمتھ نے ابتدائی منٹوں میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم کورنتھیانس کی گابی زانوٹی نے جلد ہی اسکور برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی ڈیفنڈر لوٹے وبن موئے نے ایک مرتبہ پھر آرسنل کو سبقت دلائی جس پر اسٹیڈیم میں جشن کا سماں بن گیا۔
میچ کے آخری لمحات میں کورنتھیانس نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پنالٹی کے ذریعے اسکور برابر کر دیا۔ وِک البوکرکی نے گیزیلا روبلیڈو پر فاؤل کے بعد ملنے والی پنالٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کیا، جس کے بعد مقابلہ اضافی وقت میں چلا گیا۔
اضافی وقت میں آرسنل کی مضبوط بینچ اور تجربہ کار کھلاڑیوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ کیٹلین فورڈ نے قریب سے شاندار شاٹ لگا کر فتح کا گول اسکور کیا، جس نے کورنتھیانس کی مزاحمت ختم کر دی اور آرسنل کو تاریخی کامیابی دلوا دی۔
واضح رہے کہ یہ ٹورنامنٹ پہلی بار منعقد کیا گیا، جس میں دنیا کے چھ براعظموں کی چیمپئن ٹیموں نے شرکت کی۔ آرسنل کو ابتدا ہی سے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا، تاہم کورنتھیانس نے سیمی فائنل میں امریکی چیمپئن گوتھم ایف سی کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔
