امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، بھارتی مصنوعات پر ٹیرف 25 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد

A trade deal has been reached between the US and India, with tariffs on Indian products reduced from 25% to 18%.

واشنگٹن – امریکا اور بھارت کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر عائد ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ معاہدے کے مطابق بھارتی مصنوعات پر باہمی ٹیرف 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیا گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم مودی کی درخواست اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی دوستی و احترام کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے کے ساتھ ساتھ روسی تیل کی خریداری روکنے اور امریکا و وینیزویلا سے تیل کی درآمد میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 500 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی امریکی توانائی، ٹیکنالوجی، زرعی اور دیگر مصنوعات خریدنے کا عہد کیا ہے، جسے امریکا کے لیے ایک بڑی معاشی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور امریکی معیشت کے لیے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

بھارتی وزیراعظم کا ردِعمل

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹیرف میں کمی پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس فیصلے پر خوش ہیں اور بھارتی مصنوعات پر ٹیرف کم کر کے 18 فیصد کیے جانے کو ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس شاندار اعلان پر بھارتی عوام کی جانب سے بھی صدر ٹرمپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جاتا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے