تورین – اٹلی کے شہر تورین میں احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن کے نتیجے میں 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق مظاہرین نے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ اور تشدد کیا، جس کے بعد صورتحال تیزی سے کشیدہ ہو گئی۔ حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کیا۔
جھڑپوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جبکہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کئی اہم سڑکیں عارضی طور پر بند رہیں۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری حساس مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔
اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے واقعے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی املاک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم میلونی نے سکیورٹی اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی، جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق صورتحال اب قابو میں ہے، تاہم شہر میں سکیورٹی بدستور سخت رکھی گئی ہے۔
