پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے خود کو پاکستان کا سب سے بڑا اسپورٹس برانڈ ثابت کر دیا ہے۔ پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی مالیت میں 149 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت اور مضبوط برانڈ ویلیو کا واضح ثبوت ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں انٹرنیشنل میڈیا رائٹس میں ہونے والا یہ ریکارڈ اضافہ پی ایس ایل پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق لیگ نہ صرف خطے بلکہ دنیا کی صفِ اول کی کرکٹ لیگز میں اپنی جگہ مزید مستحکم کر رہی ہے۔
سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل کا یہ سفر پاکستان کرکٹ کے لیے باعثِ فخر ہے اور لیگ مستقبل میں مزید عالمی شراکت داریوں اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
