پاکستانی باکسر عثمان وزیر کی بھارتی حریف کے خلاف فائٹ طے، 28 فروری کو تھائی لینڈ میں مقابلہ ہوگا
پاکستان کے نامور اور ناقابلِ شکست باکسر عثمان وزیر کی اگلی انٹرنیشنل فائٹ بھارتی باکسر مہیش کے خلاف طے پا گئی ہے، جو 28 فروری کو تھائی لینڈ میں کھیلی جائے گی۔
عثمان وزیر روایتی حریف بھارت کے خلاف رنگ میں اترنے کے لیے پُرجوش دکھائی دیتے ہیں اور اس مقابلے کو اپنے کیریئر کی ایک اہم فائٹ قرار دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان وزیر نے کہا کہ بھارتی باکسر مہیش کے خلاف یہ ان کی 18ویں فائٹ ہوگی اور وہ اس میں بھی ناقابلِ شکست رہنے کا عزم رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پوری تیاری اور اعتماد کے ساتھ مقابلے میں اتریں گے اور ملک و قوم سے اپنی کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہیں۔ شائقینِ باکسنگ کو اس فائٹ سے ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔