فلپائن کے جنوبی ساحلی جزیرے میں ہولناک آتشزدگی، 5 ہزار سے زائد افراد بے گھر، ایک ہزار مکانات خاکستر
فلپائن کے جنوبی علاقے میں واقع ایک ساحلی جزیرے میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں اور سرکاری نیوز ایجنسی پی این اے کے مطابق آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً رات 10 بجے بارنگائے لامیون (Barangay Lamion) میں بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق تیز ہواؤں نے آگ کی شدت میں مزید اضافہ کیا، جس کے باعث شعلے تیزی سے گنجان آباد بستی میں پھیل گئے۔ متاثرہ علاقے میں مکانات زیادہ تر لکڑی اور ہلکے تعمیراتی سامان سے بنے ہوئے تھے اور پانی پر کھمبوں کے سہارے قائم تھے، جس کی وجہ سے آگ نے انتہائی کم وقت میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی۔
چار گھنٹے تک جاری رہنے والی اس آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم ایک ہزار مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلند شعلے پورے جزیرے کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں جبکہ لوگ جان بچانے کے لیے زمین اور سمندر کے راستے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 5 ہزار سے زائد افراد کو بحفاظت نکال کر دو عارضی امدادی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بونگاؤ کی مقامی انتظامیہ نے بنگسامورو وزارتِ سماجی بہبود اور صوبائی حکومت کے تعاون سے فوری امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، متاثرین کو خوراک، پانی اور بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔
بونگاؤ رورل ہیلتھ یونٹ کی طبی ٹیمیں بھی امدادی مراکز میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ میونسپل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ آفس کے مطابق خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم متعدد لکڑی کے فٹ برج آگ کی نذر ہو گئے جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر بدھ کی صبح تقریباً 2 بجے قابو پا لیا گیا، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے اور مجموعی نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔