چودہویں لاہور لٹریری فیسٹیول کا آج سے باضابطہ آغاز، عالمی ادبی و فکری شخصیات کی شرکت

0

لاہور لٹریری فیسٹیول (ایل ایل ایف) انتظامیہ کے زیر اہتمام چودہویں لاہور لٹریری فیسٹیول کا باضابطہ آغاز آج 6 فروری سے ہو رہا ہے، جو 8 فروری تک لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے عالمی شہرت یافتہ پلیٹ فارم پر جاری رہے گا۔ یہ سہ روزہ بین الاقوامی فیسٹیول پاکستان کو عالمی ادبی، فکری اور ثقافتی دنیا سے جوڑنے کا ایک نمایاں اور مستحکم حوالہ بن چکا ہے۔

لاہور لٹریری فیسٹیول پاکستان کا سب سے بڑا اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادبی فیسٹیول ہے، جو گزشتہ برسوں میں دنیا کے ممتاز ادبی فیسٹیولز کی صف میں شامل ہو چکا ہے۔

اس سال فیسٹیول میں دنیا کے 15 سے زائد ممالک سے اسکالرز، دانشور، محققین، مصنفین، شعرا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ فیسٹیول اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ جدید دنیا علم، مکالمے اور ثقافت کے ذریعے کس طرح ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔

شیڈول کے مطابق فیسٹیول کے دوران 60 سے زائد سیشنز منعقد ہوں گے، جن میں سماجیات، معیشت، سیاست، سائنس، تاریخ، طب، تہذیب و تمدن، زبان و ادب، فن و ثقافت، عالمی امور، ماحولیات اور موجودہ عالمی و علاقائی چیلنجز جیسے اہم اور عصری موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

خصوصی طور پر اردو اور پنجابی زبان میں 12 سے زائد سیشنز فیسٹیول کا حصہ ہوں گے، جن کا مقصد مقامی زبانوں اور فکری روایت کو عالمی تناظر میں اجاگر کرنا ہے۔ اس کے علاوہ فیسٹیول کے دوران 12 سے زائد ملکی و غیر ملکی کتب کی تقریباتِ رونمائی بھی منعقد کی جائیں گی، جو علمی و ادبی حلقوں کے لیے ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہیں۔

لاہور لٹریری فیسٹیول کے سی ای او رضی احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور لٹریری فیسٹیول پاکستان کو دنیا کے فکری اور علمی دھاروں سے جوڑ رہا ہے، یہ فیسٹیول مکالمے، سوال اور علم کے ذریعے آگے بڑھتی دنیا کی علامت ہے اور ایل ایل ایف پاکستان کو اسی عالمی عمل سے ہم آہنگ کرنے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے کہا کہ الحمرا پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے مندوبین کی میزبانی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق لاہور آرٹس کونسل اپنی تمام انتظامی اور فنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس بین الاقوامی فیسٹیول کو بہترین انداز میں منعقد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

فیسٹیول کے شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی بھرپور تشہیری مہم جاری ہے، جس کے باعث عوام کی بڑی تعداد اس عالمی سطح کے ادبی فیسٹیول میں شرکت کی خواہشمند ہے۔ واضح رہے کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں فیسٹیول کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.