ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ: احسن رمضان اور محمد حسنین اختر سیمی فائنل میں، پاکستان کا برانز اور سلور میڈل یقینی
اسلام آباد – پاکستان کے نوجوان کیوسٹ احسن رمضان اور محمد حسنین اختر ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں، جہاں فائنل میں رسائی کے لیے دونوں پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ایونٹ میں پاکستان کا کم از کم برانز اور سلور میڈل یقینی ہو گیا ہے، جبکہ فائنل جیتنے کی صورت میں پاکستان گولڈ میڈل بھی حاصل کر سکتا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے مینز انڈر 21 ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔
سابق عالمی امیچر چیمپئن 20 سالہ احسن رمضان نے کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کے محمد وافی کو سخت مقابلے کے بعد 1-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب پاکستان کے سابق عالمی انڈر 17 چیمپئن محمد حسنین اختر نے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے لیویوسانگ شاون کو 3-4 سے ہرا کر فائنل فور میں قدم رکھا۔
سیمی فائنل میں دونوں پاکستانی کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے، جہاں ناکام کھلاڑی برانز میڈل کا حقدار ٹھہرے گا، جبکہ فائنل میں کامیابی پر گولڈ اور ناکامی کی صورت میں سلور میڈل حاصل کیا جائے گا۔