سری لنکا کی پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل

0

سری لنکا نے پاکستان سے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی باضابطہ اپیل کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خط ارسال کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول پاک بھارت ہائی پروفائل میچ کی منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان اور متوقع سیاحتی آمدن میں نمایاں کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سری لنکا کرکٹ کے مطابق میچ کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں، جن میں ٹکٹس کی فروخت اور میزبانی سے متعلق دیگر تیاریاں شامل ہیں۔

سری لنکا کرکٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی عدم شرکت کے دور رس اثرات ہوں گے، جو نہ صرف مالی نقصان بلکہ کرکٹ کے مجموعی مفاد کو بھی متاثر کریں گے۔ خط میں اس امر کی بھی یاد دہانی کرائی گئی کہ مشکل اوقات میں سری لنکا کرکٹ نے ہمیشہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دیا ہے۔

بیان میں پی سی بی سے درخواست کی گئی ہے کہ غیر معمولی حالات، دونوں کرکٹ بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور عالمی کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کی جائے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے، جس کے لیے پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.