پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 مہم کا آغاز نیدرلینڈز کے خلاف کرے گا، سلمان علی آغا پہلی بار ورلڈ کپ میں کپتان
کولمبو — پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اپنی مہم کا آغاز ہفتہ کے روز نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ پاک نیدرلینڈز میچ کولمبو کے سنہالی اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔
اس میچ کے ساتھ ہی سلمان علی آغا پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔ سلمان آغا اب تک پاکستان کی جانب سے 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کپتانی کر چکے ہیں، جن میں سے 27 میں قومی ٹیم کو فتح نصیب ہوئی۔
ایشیا کپ 2025 کے بعد پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 10 فتوحات حاصل کیں، جبکہ حال ہی میں آسٹریلیا کو تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ بھی کیا۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے کولمبو میں دو بھرپور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیا۔ اس موقع پر کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کا ہدف ہر میچ میں بہترین کھیل پیش کر کے ٹرافی جیتنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 51 میچز کھیل چکا ہے، جن میں سے 30 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ قومی ٹیم 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن بھی رہ چکی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔