افغان وزارتِ خارجہ کی اسلام آباد میں مسجد دھماکے کی شدید مذمت
کابل — افغان وزارتِ خارجہ نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد نمازی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
افغان وزارتِ خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عبادت کے مقدس مقام میں اس نوعیت کا حملہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے حملے جو مساجد کے تقدس کو پامال کریں اور عبادت گزاروں و عام شہریوں کو نشانہ بنائیں، کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان اس طرح کے تمام حملوں کو اسلامی اور انسانی اقدار کے منافی سمجھتی ہے اور ان کی سخت مذمت کرتی ہے۔
عبدالقہار بلخی نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔