روسی صدر پوتن کی اسلام آباد دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے یکجہتی اور تعاون کے عزم کا اعادہ
ماسکو — روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پوتن نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مذہبی تقریب کے دوران معصوم افراد کو نشانہ بنانا دہشت گردی کی وحشیانہ اور غیر انسانی فطرت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اس افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
روسی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روس اس اہم شعبے میں پاکستان کے ساتھ قریبی اور مؤثر اشتراکِ عمل کے لیے تیار ہے۔
صدر پوتن نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔