بشریٰ انصاری کا لڑکیوں اور والدین کو اہم مشورہ: دوسری شادی سے پہلے سچ جاننا ضروری ہے

0

لاہور — نامور اداکارہ، میزبان اور گلوکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے حالیہ یوٹیوب وی لاگ میں لڑکیوں اور ان کے والدین کو ایک اہم اور حساس موضوع پر واضح مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر کوئی لڑکی ایسے مرد سے شادی کرنے جا رہی ہے جس کی پہلے شادی ہو چکی ہو اور اس کے بچے بھی ہوں، تو یہ جاننا نہایت ضروری ہے کہ پہلی شادی کیوں ختم ہوئی تھی۔

بشریٰ انصاری کے مطابق یہ لڑکی اور اس کے والدین کا بنیادی حق ہے کہ وہ پہلی شادی ٹوٹنے کی وجہ معلوم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بعض اوقات قصور عورت کا بھی ہو سکتا ہے، لیکن زیادہ تر معاملات میں ایسا کم ہی ہوتا ہے کیونکہ کوئی بھی عورت بچوں کے ہوتے ہوئے آسانی سے اپنا گھر نہیں توڑتی۔

انہوں نے کہا کہ مرد کے لیے نئی زندگی کا آغاز نسبتاً آسان ہوتا ہے، جبکہ عورت کے لیے یہ فیصلہ انتہائی مشکل اور تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اسی لیے لڑکی کے والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سنجیدگی سے تحقیق کریں اور حقیقت جاننے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد میں پچھتانے سے بہتر ہے کہ پہلے حقائق سامنے لائے جائیں، کیونکہ بعض مرد اپنی منفی عادات تبدیل نہیں کرتے اور ایسی صورت میں احتیاط بے حد ضروری ہے۔

واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی 1978 میں پروڈیوسر اقبال انصاری سے ہوئی تھی، جو 2014 میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بچیوں کی خاطر طویل عرصے تک اس رشتے کو نبھایا، تاہم جب بچے خود مختار ہو گئے تو انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اداکار و ہدایتکار اقبال حسین سے دوسری شادی کی ہے، جسے ابتدا میں نجی رکھا گیا تھا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.