ایبک کپ 2026: ایف جی پولو نے ڈائمنڈ پینٹس کو شکست دے کر ایکوسٹار 49واں ایبک کپ اپنے نام کر لیا
لاہور — لاہور پولو کلب کے زیراہتمام منعقدہ ایکوسٹار 49ویں ایبک کپ کے فائنل میں ایف جی پولو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈائمنڈ پینٹس کو سخت مقابلے کے بعد 7.5-4 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
بسنت کے موقع پر کھیلے گئے اس فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے زندہ دلانِ لاہور کی بڑی تعداد لاہور پولو کلب پہنچی۔ اس موقع پر امریکی سفارتخانے کی ڈپٹی چیف آف مشن ناتلیا اے بیکر مہمانِ خصوصی تھیں۔ ان کے ہمراہ ڈی ڈبلیو پی گروپ کے ڈائریکٹر طحہ محمد نسیم، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین محمد نصیر، راجہ عامر، سیکرٹری میجر امجد غفور، ڈی ڈبلیو پی ایکوسٹار کے مارکیٹنگ ہیڈ شعیب یونس اور پولو سے وابستہ خاندانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فائنل میں ایف جی پولو کی جانب سے راجہ میکائل سمیع نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چار گول اسکور کیے، جبکہ مارکوس ریولوا نے تین گول بنائے۔ ٹیم کو ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج کے تحت آدھا گول بھی حاصل تھا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے ابی لینڈا نے تین جبکہ محمد علی ملک نے ایک گول اسکور کیا۔
اس سے قبل کھیلے گئے سبسڈری فائنل میں بی این پولو نے ایس کیو سی گولڈ پولو کو 8-6 سے شکست دے کر سبسڈری فائنل جیت لیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ناتلیا اے بیکر نے کہا کہ لاہور پولو کلب آکر خوشی ہوئی، بسنت کے خوبصورت موسم میں اعلیٰ معیار کی پولو دیکھ کر بے حد لطف آیا۔
ایوارڈز کی تقسیم میں فائنل کی بہترین گھوڑی کا اعزاز میاں عباس مختار کی گھوڑی ‘موستاذا’ کو دیا گیا، جس کا انعام 55 انچ کیو ایل ای ڈی ٹی وی تھا۔ میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ مارکوس ریولوا کو 65 انچ کیو ایل ای ڈی کی صورت میں دیا گیا، جبکہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز راجہ میکائل سمیع نے حاصل کیا، جنہیں 55 انچ کیو ایل ای ڈی دی گئی۔
ایبک کپ کے اس سنسنی خیز فائنل نے شائقینِ پولو کو بھرپور تفریح فراہم کی اور لاہور پولو کلب کی روایتی رنگینیوں کو ایک بار پھر اجاگر کیا۔