اسلام آباد خودکش حملے کے بعد امریکا کا پاکستان کیلئے نیا سکیورٹی الرٹ جاری

0

اسلام آباد میں ہونے والے تباہ کن خودکش حملے کے بعد امریکا نے پاکستان کے لیے نیا سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں پاکستان میں موجود اور یہاں سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سکیورٹی ایڈوائزری کے مطابق امریکی شہری عوامی اجتماعات، مذہبی مقامات اور ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور اپنی ذاتی سکیورٹی منصوبہ بندی کا ازسرِنو جائزہ لیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر محتاط رہنا ضروری ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ امریکی شہری مقامی میڈیا اور سرکاری ذرائع کے ذریعے سکیورٹی سے متعلق تازہ ترین معلومات پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی تیاری رکھیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی کلاں میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں 33 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر نگرانی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.