ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو باآسانی 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ بھارتی شہر چنئی میں کھیلا گیا۔
میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے اننگز کا آغاز کیا۔ افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے شاندار 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صدیق اللہ نے 29 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 17.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر ٹم سیفرٹ 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ گلین فلپس نے 42 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل 25 اور مچل سینٹنر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے افتتاحی روز تین میچز کھیلے گئے تھے، جن میں پاکستان نے نیدرلینڈز، ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ اور میزبان بھارت نے امریکا کو شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔