ٹی 20 ورلڈ کپ 2026: سکاٹ لینڈ نے اٹلی کو 73 رنز سے شکست دے دی

0

کولکتہ – آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ساتویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کو 73 رنز سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

میچ میں اٹلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جہاں سفیان شریف کی جگہ بریڈ ویل کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز کا مضبوط مجموعہ ترتیب دیا۔ جارج منسی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز اسکور کیے، جبکہ برینڈن میک مولن نے 41 اور مائیکل جونز نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

اٹلی کی جانب سے علی حسن، گرینٹ اسٹیورٹ، تھامس ڈریکا اور جے جے سموتھس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اٹلی کی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 134 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اٹلی کی جانب سے بین میناٹی نے 52 اور ہیری میناٹی نے 37 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی۔

سکاٹ لینڈ کی بولنگ میں مائیکل لیسک نمایاں رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مارک واٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق آج کا دوسرا میچ عمان اور زمبابوے کے درمیان دوپہر 2:30 بجے کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرے میچ میں کینیڈا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شام 6:30 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.