پاکستان اور جنوبی افریقا ویمن ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کل سے شروع
لاہور/کیپ ٹاؤن – پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے۔ سیریز کے پہلے میچ سے قبل پاکستان ویمن ٹیم نے بھرپور پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔
2021 کے بعد پاکستان ویمن ٹیم جنوبی افریقا کے دورے پر ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا مقابلہ کل کھیلا جائے گا جبکہ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوں گے۔
دونوں ٹیمیں اب تک 24 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں مجموعی طور پر جنوبی افریقا کو برتری حاصل رہی ہے۔ تاہم 2023 میں کراچی میں کھیلی گئی سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی پچز تیز ہیں، جس سے کھلاڑیوں کو خود کو بہتر انداز میں آزمانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز جون میں انگلینڈ میں شروع ہونے والے آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگی۔