دشمن طاقتیں ایران کو محتاج بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، آیت اللہ خامنہ ای

0

تہران – ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن طاقتیں ایران کو دوبارہ اپنا محتاج بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم ایرانی قوم اپنی قوتِ ارادی اور استقامت کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بناتی رہے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اس وقت تک ایرانی عوام کو ہراساں کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے جب تک وہ مایوس نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کی اصل طاقت میزائلوں یا جنگی طیاروں میں نہیں بلکہ عوام کے مضبوط ارادے، اتحاد اور ثابت قدمی میں پوشیدہ ہوتی ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر نکالی جانے والی عظیم الشان ریلیاں دشمن قوتوں کے لیے واضح پیغام ہوں گی کہ ایرانی قوم دباؤ کے سامنے جھکنے والی نہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ 11 فروری کو اسلامی انقلاب کی تقریبات اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے غیر ملکی دباؤ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔

آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب نے ایران کو غیر ملکی مداخلت اور انحصار سے نجات دلائی، اور ایرانی قوم نے ہر دور میں اپنے عزم و حوصلے سے بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ انقلابی ریلیاں ایران کے وقار اور خودمختاری کی علامت ہیں، جبکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سائنس، اخلاقیات اور عملی میدان میں ترقی کر کے ملک کا نام مزید روشن کریں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.