حکومت پاکستان کی قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے ساتھ کھیلنے کی ہدایت

0

اسلام آباد – حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق میدان میں اترے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نمائندوں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی بات چیت کے نتائج پر باضابطہ بریفنگ دی۔

حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو موصول ہونے والی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ ہونے والی مشاورت کا بھی جائزہ لیا۔ اس خط و کتابت اور رابطوں کا مقصد پاکستان کو درپیش حالیہ چیلنجز کا قابلِ عمل حل تلاش کرنا تھا۔

حکومت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر ملک بنگلہ دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

کثیر الجہتی مشاورت اور بات چیت کے نتیجے میں حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق شرکت کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، عالمی کھیل کے تسلسل کی حمایت اور ٹورنامنٹ میں شریک تمام ممالک کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم اور پاکستانی عوام نے قومی ٹیم ’’مین اِن گرین‘‘ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم کھیل کے جذبے اور قومی فخر کے ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.