برطانیہ کے شہزادہ ولیم سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے، ولی عہد سے ملاقات
ریاض – برطانیہ کے شہزادہ ولیَم نے پیر کے روز سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقام الطریف کا دورہ کیا۔ یہ دورہ تین روزہ سرکاری دورے کے دوران ہوا، جو شہزادہ ولیم کا سعودی عرب کا پہلا باضابطہ دورہ ہے۔

سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض ریجن کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ولیم کا استقبال کیا۔ استقبالیہ تقریب میں برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان اور سعودی عرب میں برطانوی سفیر اسٹیفن چارلس ہچن بھی موجود تھے۔
کینسنگٹن پیلس کے مطابق یہ دورہ برطانوی حکومت کی جانب سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران شہزادہ ولیم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس برطانوی وزیر خزانہ کے دورے کے دوران 6.4 ارب پاؤنڈ (8.7 ارب ڈالر) مالیت کے تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدے طے پائے تھے۔
شہزادہ ولیم اس دورے کے دوران سعودی عرب کی معاشی اصلاحات، ثقافتی سرگرمیاں، ماحولیاتی منصوبے اور نوجوانوں کے لیے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ علاوہ ازیں وہ پائیدار ترقی، شہری منصوبہ بندی، خواتین کے کھیل، ای اسپورٹس اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
دورے کے دوران وہ تاریخی شہر الولا بھی جائیں گے، جہاں وہ جنگلی حیات کے محفوظ علاقوں کا معائنہ، مقامی کمیونٹی سے ملاقات اور پرنس آف ویلز ہاؤس کا دورہ کریں گے، جو برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان فنون اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔