اسلام کی بے حرمتی کیس: یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع

0

کراچی  – کراچی کی مقامی عدالت نے اسلام کی بے حرمتی کے مقدمے میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔

کراچی سیشن کورٹ وسطی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے روبرو کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ملزم کے وکلا کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

عبوری ضمانت پر رہا یوٹیوبر رجب بٹ عدالت میں پیش ہوئے، تاہم مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی وقت ساڑھے 8 بجے تھا لیکن ملزم ساڑھے 9 بجے پیش ہوا، لہٰذا ضمانت منسوخ کی جائے۔

مدعی کے وکیل نے مزید موقف اختیار کیا کہ وہ شواہد پیش کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار تھے، مگر ملزم کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ اس پر ملزم کے جونیئر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سینئر وکیل میاں علی اشفاق سرکاری چھٹیوں پر ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس سے قبل بھی ملزم کے وکیل پیش نہیں ہوئے تھے اور آئندہ کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع کر دی۔

واضح رہے کہ یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف تھانہ حیدری مارکیٹ میں اسلام کی بے حرمتی کے الزام کے تحت مقدمہ درج ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.