ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کی یو اے ای کے خلاف تاریخی فتح، 10 وکٹوں سے کامیابی
چنئی – آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں نیوزی لینڈ نے متحدہ عرب امارات کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار فتح حاصل کر لی۔
ایونٹ کے 11ویں میچ میں بھارت کے شہر چنئی میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اماراتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز اسکور کیے۔
یو اے ای کے کپتان محمد وسیم 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ علی شان شرفو نے 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیکب ڈفی، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اماراتی بولرز کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔ ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 16ویں اوور کی دوسری گیند پر ہدف حاصل کر لیا۔
ٹم سیفرٹ 89 اور فن ایلن 85 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ دونوں اوپنرز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری قائم کر کے نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔