پرو ہاکی لیگ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-3 سے شکست دے دی
ہوبارٹ – پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے اس میچ میں فیصلہ کن لمحہ کھیل کے آخری لمحات میں آیا، جب ایک متنازعہ پنالٹی اسٹروک پر آسٹریلیا نے تیسرا اور فاتح گول اسکور کیا۔
آسٹریلیا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور دوسرے منٹ میں ٹم برینڈ کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔ اسی کھلاڑی نے انتیسویں منٹ میں ایک اور گول کر کے میزبان ٹیم کی سبقت کو دگنا کر دیا۔ ہاف ٹائم تک آسٹریلیا کو دو گول کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف میں پاکستان نے شاندار کم بیک کیا۔ انچاسویں منٹ میں احمد ندیم نے گیند کو جال میں پہنچا کر خسارہ کم کیا، جبکہ تریپنویں منٹ میں سیفان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔
میچ کے آخری لمحات میں آسٹریلیا کو پنالٹی اسٹروک دیا گیا، جس پر گور بلیک نے گول کر کے میزبان ٹیم کو کامیابی دلائی۔
میچ کے دوران آسٹریلیا کو 7 جبکہ پاکستان کو 3 پنالٹی کارنرز ملے۔ پاکستانی گول کیپر علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گول ناکام بنائے اور میچ کو آخری لمحات تک سنسنی خیز بنائے رکھا۔
قومی ہاکی ٹیم اپنا اگلا میچ کل جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔