ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی
کولمبو – ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے گروپ اے میچ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں یو ایس اے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بلے بازوں نے چھکوں اور چوکوں کی بھرپور شروعات کی، جہاں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ابتدائی 5 اوورز میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔ صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے جبکہ صائم ایوب نے 3 چھکے اور ایک چوکا مارا۔
پاکستان کو پہلا نقصان 54 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب صائم ایوب 17 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان علی آغا 56 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے 53 گیندوں پر 81 رنز کی شراکت قائم کی، اور فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔
بعد ازاں شاداب خان نے 12 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو 177 رنز تک پہنچایا۔ آخر میں شاہین آفریدی نے ایک چھکا لگا کر ٹیم کا ٹوٹل 190 رنز تک پہنچایا۔
امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شواک ویک نے چار وکٹیں لیں جبکہ سورابھ نیٹراوالکر، محمد محسن اور ہرمیت سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
امریکا کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بولرز نے بھرپور مزاحمت کی۔ امریکی ٹیم 158 رنز تک محدود رہی۔ شبھم رنجانے نے 51 اور شایان جہانگیر نے 49 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 3 وکٹیں لیں، شاداب خان نے 2، اور محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز صاحبزادہ فرحان کو دیا گیا۔ اس فتح کے بعد پاکستان کے 4 پوائنٹس ہوگئے اور ٹیم کے سپر 8 میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
پاکستان ٹیم میں تبدیلی
کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پلیئنگ الیونز
پاکستان: سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاہین آفریدی، عثمان طارق، ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف
یو ایس اے: موناک پٹیل، ایندریس گوس، شایان جہانگیر، ملند کمار، سنجے کرشناموتھی، شبھم رانجانے، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلے وین شواک ویک، احسان عادل، سورابھ نیٹراوالکر
دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں دوسرا مقابلہ
دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ تھا۔ پاکستان نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو ہرایا جبکہ امریکا کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔